نئی دہلی ،27جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) اسٹیٹ بینک آف انڈیا ( ایس بی آئی )اپنے صارفین کی مشکلات کو آسان کرنے کیلئے مسلسل اقدامات کررہا ہے ۔ اسی کے پیش نظر بینک نے اب نیٹ بینکنگ سے بینیفیشیری ایڈ کئے بغیر رقم ٹرانسفر کرنے کی سہولت شروع کی ہے ۔ ایس بی آئی کے مطاق جس کھاتے میں آپ پیسے بھیج رہے ہیں ، اگر وہ ایس بی آئی میں ہی ہے تو چند منٹوں میں ہی آپ کے پیسے ٹرانفسر ہوجائیں گے ۔ اگر اکاونٹ کسی اور بینک میں ہے تو آپ آئی ایم پی ایس اور این ای ایف ٹی کے آپشنز کا استعمال کرسکتے ہیں ۔
جب بھی آپ پیسے ٹرانفسر کرتے ہیں تو سب سے پہلے جس شخص کو آپ کو پیسے بھیجنے ہیں ، اس کو ایڈ کرنا پڑتا ہے ۔ بینیفیشئری ایڈ کرنے میں جہاں کچھ بینک آدھے گھنٹے تک کا وقت لیتے ہیں ، تو وہیں کہیں پر یہ کام جلد ہوجاتا ہے ، لیکن ایس بی آئی آپ کو بینیفیشیری ایڈ کئے بغیر بھی رقم ٹرانسفر کرنے کی سہولت دیتا ہے ۔ اس کیلئے اس نے کوئک ٹرانسفر کی سہولت شروع کی ہے۔
ایس بی آئی نے اپنے ٹویٹر اکاونٹ سے ٹویٹ کرکے بتایا کہ اس سہولت کے ذریعہ صارفین یومیہ 25 ہزار روپے تک بھیج سکتے ہیں ۔ ہر ایک ٹرانسفر کے دوران آپ 10 ہزار روپے تک بھیج سکیں گے ۔
ایس بی آئی کے مطابق یہ سہولت آپ کو آپ کے نیٹ بینکنگ ڈیش بورڈ پر ملے گی ۔ پہلے اس سہولت کے ذریعہ دن میں صرف 10 ہزار روپے تک بھیجے جاسکتے تھے ، لیکن اب اس کو بڑھا کر 25 ہزار روپے تک یومیہ کردیا گیا ہے ۔